پر امن اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے‘ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ 

 
0
313

تمام ضلعی اداروں نے الیکشن کے دن تک انتھک محنت سے اپنے فرائض سر انجام دیئے‘ اظہر حیات 
شیخوپورہ26جولائی(ٹی این ایس)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اظہر حیات نے ضلع بھر میں پرامن اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں الیکشن عمل کی کامیابی تمام اداروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع شیخوپورہ میں قومی اسمبلی کے چاراور صوبائی اسمبلی کے نو حلقوں پرالیکشن کے کامیاب انعقاد پر ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ نے تمام ضلعی اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی غیر جانبدارانہ کوششوں کی بدولت پرامن اور کامیاب الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکا ہے۔

پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی کارکردگی قابلِ ستائش رہی جس کی وجہ سے صورتحالمجموعی طور پر پُرا من رہی اور کوئی ناخوشگوارواقعہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر صاحبان اور چیف آفیسرز نے دن رات بلا تعطل کام کرتے ہوئے الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پرریکارڈ کاروائیاں کیں اور تمام ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لے کر کامیاب الیکشن کے لئے راہ ہموار کی۔تمام ضلعی اداروں نے بھی بروقت کاروائیاں کرتے ہوئے پیدا ہونے والی شکایات کا ازالہ کیا۔