دبئی ،ڈھائی ارب روپے سے زائد قیمت کا مسروقہ ہیرا برآمد

 
0
5053

دبئی 27جولائی (ٹی این ایس)دبئی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے ایک ایسا چوری شدہ نایاب نیلا ہیرا برآمد کر لیا ہے، جس کی قیمت ڈھائی ارب پاکستانی روپے سے زائد ہے۔ یہ ہیرا ایک سکیورٹی گارڈ نے چوری کر کے جوتوں کے ڈبے میں چھپا کر سری لنکا اسمگل کر دیا تھا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس نے جمعرات کی شام بتایا کہ بین الاقوامی منڈی میں اس انتہائی نایاب اور نیلے رنگ کے ہیرے کی قیمت 20 ملین یا دو کروڑ امریکی ڈالر (ڈھائی ارب پاکستانی روپے سے زائد) بنتی ہے۔سوشل میڈیا پر دبئی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں بتایا گیا کہ کروڑوں ڈالر مالیت کا یہ ہیرا نقد رقوم کی قانونی منتقلی کا کاروبار کرنے والی ایک کمپنی کے دفتر میں محفوظ رکھا گیا تھا، جہاں سے اسے ایک سکیورٹی گارڈ نے چرایا تھا۔دبئی پولیس کے کرنل محمد عقیل نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ اس مبینہ چور نے یہ ہیرا چرانے کے بعد جوتوں کے ایک ڈبے میں چھپا کر اپنے ایک رشتہ دار کے حوالے کر دیا تھا، جو اسے لے کر ایک مال بردار کشتی کے ذریعے سری لنکا کے لیے روانہ بھی ہو گیا تھا۔جب پولیس کو اس ہیرے کی چوری کا علم ہوا، تو سکیورٹی کیمروں کی بہت طویل فوٹیج کا کئی گھنٹوں تک تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد سینکڑوں ممکنہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ اس چھان بین کے نتیجے میں پولیس اہلکار مبینہ چور تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، جسے گرفتار بھی کر لیا گیا اور جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔