آصف زرداری اور فریال تالپور آج ایف آئی اے میں طلب

 
0
529

متوقع طور پر جے آئی ٹی آصف زرداری اور فریال تالپور سے پوچھ گچھ کرے گی
کراچی جولائی 28(ٹی این ایس): سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ سابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بیان کے لیے آج طلب کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈی جی ساؤتھ ایف آئی اے و جے آئی ٹی سربراہ نجف مرزا نے کی۔

اجلاس میں ایف آئی اے پنجاب کے افسران نے بھی شرکت کی، جس کے دوران مقدمے کی اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔آصف زرداری اور فریال تالپور کو آج کمرشل بینکنگ سرکل میں طلب کیا گیا ہے اور متوقع طور پر جے آئی ٹی دونوں سے پوچھ گچھ کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں اس کیس کے حوالے سے آئندہ سماعت کے لیے کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

یاد رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ میں مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک نہ بلایا جائے۔