پاکستانیوں نےالیکشن میں شدت پسندوں کومسترد کردیا‘ امریکا

 
0
416

واشنگٹن جولائی 28(ٹی این ایس): امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدرنوئرٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کےاستحکام اور خوشحالی کے لیے مضبوط جمہوری نظام اہم ہے۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا انتخابات میں پاکستانی عوام کی جرات مندانہ شمولیت کو سراہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کے لیے پاکستانیوں نے ووٹ کے ذریعے ہمت کا مظاہرہ کیا، پاکستان کے استحکام کے لیے مضبوط جمہوری حکمرانی اہم ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان الیکشن میں خواتین ووٹرزکی ہمت کوسراہتے ہیں۔ہیدرنوئرٹ نے یہ بھی کہا کہ جمہوری اداروں کی مضبوط کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کریں گے، نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ خطے کی سیکیورٹی پرکام کے منتظرہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانیوں نےالیکشن میں شدت پسندوں کومسترد کردیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے پاکستان کی نئی حکومت سے مکمل تعاون کے ساتھ خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔