پنجاب سے چار آزاد نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی تحریک انصاف میں شامل

 
0
313

اسلام آبادجولائی28(ٹی این ایس )پنجاب سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین صوبائی اسمبلی کی تحریک انصاف میں شمولیت کا آغاز ہوگیا، پنجاب سے چار اراکین صوبائی اسمبلی کی چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات ، صوبے میں اقتدار کے لئے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان جاری رسہ کشی میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور ان کی جماعت میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔ ان رہنماوں میں کبیروالا سے حسین جہانیاں گردیزی ،لیہ سے سید رفاقت حسین شاہ اور بشارت رندھاوا اور ڈیرہ غازی خان سے حمید پتافی شامل ہیں۔ نومنتخب ارکان نے تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار اور ملک میں عمران خان کے ویژن کے نفاذ اور تبدیلی کی کاوشوں کا بھرپور حصہ بننے کا اعلان بھی کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے ان ارکان کی شمولیت کا بھرپور خیر مقدم اور انھیں آئندہ حکومت میں اہم ذمہ داریاں سونپنے کا بھی اعلان کیا۔پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور علیم خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔