لاہور جولائی 30(ٹی این ایس):پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کہتے ہیں کہ الیکشن کا نتیجہ دیکھ کرلگتا ہے کہ عمران خان کی ارینج میرج ہوئی ہے، انہیں کامیاب کرانے کے لیے ایک نہیں،فل پنکچر لگائے گئے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہئوے مزید کہا کہ یہ پنکچر عمران خان کے تمام حلقوں میں بھی لگائے گئے،الیکشن کا پوسٹ مارٹم کرنا ہے تو صرف چند حلقے کھول لیں۔خورشید شاہ کا مزید کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی، رسول بخش چانڈیو، فیصل صالح حیات، اعجاز جاکھرانی اور سعد رفیق کے حلقوں میں بھی پنکچر لگائے گئے، یہ حلقے مثال کے طور پر دے رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو کامیاب بنانے کے لیے 35سے زائد حلقوں میں جھرلو پھیرا گیا۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے وفد نے سینیٹر حاصل بزنجو سے ملاقات کی، وفد میں سید خورشید شاہ، سید یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور چوہدری منظور شامل تھے۔