پنجاب میں حکومت سازی، پاکستان تحریک انصاف کا 150 ارکان کی حمایت کا دعویٰ

 
0
497

لاہور جولائی 30(ٹی این ایس):پنجاب میں حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی نے ایک سو پچاس ارکان کی حمایت کا دعویٰ کردیا جبکہ فواد چوہدری نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پی ٹی آئی سے ہی ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جور توڑ عروج پرہے، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب کی 295 نشستوں پر براہ راست الیکشن ہوئے، پنجاب میں حکومت سازی کیلئے 149نشستوں چاہئیں، تحریک انصاف کے پاس 150 کا نمبرمکمل ہوچکا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت پاکستان تحریک انصاف ہی بنائے گی، ق لیگ کا وفد چوہدری شجاعت کی سربراہی میں آج عمران خان سے ملاقات کرے گا، ق لیگ کے آٹھ ارکان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کریں گے جبکہ بی اے پی کا ایک اور چار آزاد ارکان بھی آج پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کریں گے۔رہنما پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کیلئے اتحادی جماعتوں کیساتھ بات چیت کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پی ٹی آئی سے ہی ہوگا۔

گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب ہمارے لیے اہم ہے، یہاں نمبر پورے کر کے پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔یاد رہے کہ نون لیگ کی جانب سے ایاز صادق نے قاف لیگ کی قیادت سے رابطہ کیا تھا اور قاف لیگ کو پنجاب میں مرضی کا عہدہ دینے کی پیشکش کی تھی، جس پر پرویزالہٰی انکار کرکے عمران خان سے ملنےاسلام آباد پہنچ گئے۔چوہدری شجاعت کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ ق حکومت سازی میں تحریک انصاف کا ساتھ دے گی۔رہنماؤں کا کہنا ہے مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا جائے گا۔واضح رہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریکِ انصاف نے حتمی فیصلہ کرلیا ہے، پی ٹی آئی حکومت سازی کی پوزیشن میں آچکی ہے۔