حلف نہ لینے کی تجویز مسترد, پورے وقار کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھیں گے,سراچ الحق

 
0
451

پشاور جولائی 30(ٹی این ایس)متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سراج الحق نے پارلیمنٹ سے حلف نہ لینے کی مولانا فضل الرحمان کی تجویز کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ پورے وقار کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھیں گے اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے کہا کہ مخالفت برائے مخالفت کے قائل نہیں، ہم نے با کردار قیادت کو انتخابی عمل کا حصہ بنایا لیکن اداروں کی بہت زیادہ مداخلت نے رائے عامہ کو متاثر کیا ۔

نائب صدر ایم ایم اے نے کہا کہ جمہوریت کی گردن پر انگوٹھا رکھ کر اس کی روح نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم شدید تحفظات کے باوجود نئی حکومت کو کام کرنے کا موقع دینا چاہتے ہیں، پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے عمران خان کا وعدہ پورا ہونے کا انتظار کریں گے۔سراج الحق نے کہا کہ قومی و سیاسی قیادت کو منظر سے ہٹانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا گیا۔کراچی سے دیر اور چترال تک انتخابی نتائج بروقت جاری نہ کیے جاسکے اور الیکشن کے پورے عمل کو مشکوک بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جمہوریت کے استحکام کے لیے ہم بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔