ن لیگ کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، ارکان نے پنجاب میں حمزہ شہبازکواپوزیشن لیڈر بنانے کی خواہش کا اظہار

 
0
315

پارٹی ارکان اپنی توجہ اگلے الیکشن پرمرکوز رکھیں، ہمیں ہرحال میں ثابت قدم رہنا ہے، اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کرتے ہیں: شہباز شریف کا خطاب

لاہور،جولائی 31 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ارکان ثابت قدم رہیں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں، پارٹی ارکان اپنی توجہ اگلے الیکشن پرمرکوز رکھیں، پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کا مستقبل تاریک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی صدارت میں ماڈل ٹاؤن میں پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا۔

جس میں نومنتخب ارکان قومی اور پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔ شہبازشریف نے تمام ارکان کوالیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور تمام ارکان کواعتماد میں لیا۔اس موقع پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں اکثریتی جماعت ہے۔۔ن لیگ اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بہتری متحد اور ثابت قدم رہنے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہرحال میں ثابت قدم رہنا ہے۔ پنجاب میں حکومت بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ ارکان ثابت قدم رہیں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں۔پارٹی ارکان اپنی توجہ اگلے الیکشن پرمرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کا مستقبل تاریک ہے۔اس سے قبل اجلاس میں پارلیمانی ارکان نے پنجاب میں حمزہ شہبازکواپوزیشن لیڈر بنانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

پارٹی ارکان نے رائے دی کہ حمزہ شہبازکو پنجاب میں اپوزیشن لیڈر دیکھنا چاہتے ہیں۔جس پر حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں اپوزیشن کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ مینڈیٹ کا احترام نہ کرکے پی ٹی آئی نے غلط روایت ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور صوبے میں ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے۔شہبازشریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ تمام ہتھکنڈوں کے باوجود ن لیگ سب سے آگے ہے۔

واضح رہے پنجاب میں تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ تحریک انصاف کادعویٰ ہے کہ ان کے پاس ق لیگ اور آزاد امیدواروں کی حمایت کے ساتھ حکومت سازی کیلئے نمبر ز پورے ہوگئے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان تاحال پنجاب حکومت سازی کیلئے خوشگوار فضا نہیں بن سکی۔ اسی طرح ن لیگ آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔