بھارتی اداکار عامر خان کا عمران  خان کی    تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے  10 اگست کو پاکستان آنے کی اطلاعات

 
0
449

لاہور ،اگست 01 (ٹی این ایس): بھارتی اداکار عامر خان کے 10 اگست کو پاکستان کے دورے پر آنے کی اطلاعات، بالی وڈ اداکار نے کئی برس قبل وعدہ کیا تھا کہ اگر عمران خان وزیراعظم بنے تو وہ ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پاکستان ضرور آئیں گے۔

ممکنہ طور پر عمران خان 11 یا 12 اگست کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیں گے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی خواہش تھی کہ وہ وزارت عظمیٰ کا حلف کسی عوامی مقام پر عوام کے درمیان لیں، تاہم سیکورٹی خدشات کے باعث ان کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں لیں گے۔ عمران خان کے حکومت سنبھالنے سے قبل ایک ایسی خبر سامنے آئی جس کے سوشل میڈیا پر خاصے چرچے جاری ہیں۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق بالی وڈ کے عظیم اور سب سے بڑے اداکار عامر خان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے۔ ٹی وی چینل کا دعویٰ ہے کہ عمران خان 10 اگست کو پاکستان پہنچیں گے۔ جبکہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد عمران خان بھارت واپس چلے جائیں گے۔ عامر خان نے کچھ برس قبل بھارت میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران عمران خان کے سامنے اعلان کیا تھا کہ اگر وہ وزیراعظم بننے میں کامیاب رہے تو پھر وہ ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پاکستان ضرور آئیں گے۔