ختم نبوت بل میں ترمیم کرنیوالے افراد کیخلاف کاروائی کی جائے ،ترمیم کے پس پردہ محرکات بتائے جائیں‘ ہائیکورٹ بار کی قرار داد

 
0
564

لاہور نومبر 27 (ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ ختم نبوت بل میں ترمیم کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے اور اس ترمیم کے پس پردہ محرکات بتائے جائیں۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن لاہور کے جنرل ہاوس کاہنگامی اجلاس صدر چوہدری ذوالفقار علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب صدر راشدجاویدلودھی ،سیکرٹری عامرسعیدراں ، فنانس سیکرٹری محمد ظہیر بٹ سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ چوہدری ذوالفقار علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکی ایک رپورٹڈ ججمنٹ 2012 CLC 1200ہے جسکے تحت ہم یو این او میں ختم نبوت کا معاملہ اٹھائیں۔

انہوں نے عاشقان رسول ؐ کے پروانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے احمد اویس سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کو مذکورہ ججمنٹ کے تحت Contemptفائل کرنے کی درخواست کی۔ عامر سعید راں ، عمر حیات سندھو ایڈووکیٹ ، محمد عاکف ایڈووکیٹ، رائے بشیراحمد ایڈووکیٹ ، محمد انس غازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد کرنے والوں کا تعین کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور ختم نبوت بل کے محرکین کے خلاف فی الفور کاروائی کر کے عہدوں سے علیحدہ کیا جائے۔ اس موقع پر صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری ذوالفقار علی نے رائے شماری کیلئے مندرجہ ذیل قرارداد ہاؤس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملک بھر کے مسلمانوں بالخصوص شرکائے دھرنا اور وکلاء صاحبان کے جذبہ حب رسول ؐ کو سراہتے ہوئے مبارکباد دیتی ہے کہ ختم نبوت بل بحال ہو گیا اور تمام دنیا کو عاشقان رسول ؐ کے جذبہ ایمانی کا واضح پیغام پہنچ گیا۔،ملک بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے اور انتشار پھیلانے پر حکومت معافی مانگے،شہدائے حرمت رسولؐ کے لواحقین کی معقول مالی معاونت کی جائے۔ دھرنا کے دوران گرفتار شدہ عاشقان رسول ؐ کو فی الفور رہا کر کے مقدمات واپس لئے جائیں۔زخمیوں کو علاج معالجہ کی مکمل سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ حکومت مالی امداد دے۔ختم نبوت بل میں ترمیم کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے اور اس ترمیم کے پس پردہ محرکات بتائے جائیں۔احسن اقبال نااہل اور غیر سنجیدہ وزیر داخلہ ہیں انکے خلاف انتشار پھیلانے پر کاروائی عمل میں لائی جائے۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان آرمی کے دانشمندانہ اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے فیض آباد اور ملک بھر میں عاشقان رسولؐ پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کے خلاف عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا۔