لاہور،اکتوبر20 ( ٹی این ایس): وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو احتسابی جال میں جکڑ کر سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے ،طاقتور دشمنوں میں گھرا پاکستان اندرونی خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، باہمی محاذ آرائی کی بجائے مل کر آگے بڑھنے کی بھرپور کوشش کی جائے ، انھوں نے شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہشات پر مسلم لیگ (ن) نہیں ٹوٹے گی،لال حویلی کے اس لال بجھکڑ نے ہمیشہ طاقتور کے تلوے چاٹے اسی لئے شیخ چلی نامراد تھا اور نامراد ہی رہے گا،۔یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف پر نا ہی کرپشن یا اختیارات سے تجاوز کرنے کوئی مقدمہ ہے اور نا ہی اب تک کوئی ثبوت سامنے آیا لیکن پھر بھی انہیں نااہل کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی استحکام، قیامِ امن، لوڈ شیڈنگ پرکنٹرول اور سی پیک انفراسٹرکچر کی تعمیر مسلم لیگ (ن) کا کارنامہ ہے اور شورشرابے، عدالتی فیصلے یا سازشیں سچ کو نہیں چھپا سکتیں، لال حویلی کے لال بجھکڑاور شیخ چلی کی طرح پاوں پکڑ کر اقتدار میں رہنے سے بہتر ہے کہ چند روز کم ہی سہی لیکن شیروں کی طرح جیا جائے، اقتدار میں رہنے یا نہ رہنے کا اختیار صرف اللہ کے اختیار میں ہے، شیخ چلی نامراد تھا اور نامراد ہی رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں گالیاں دینے والوں سے کئی گنا زیادہ پسند والوں کی تعداد ہے، ہمیں جاہلوں سے مقابلہ کرنے کے لئے بدزبانی نہیں کرنی اور نا ہی گولی اور گالی ہمیں اپنی راہ سے ہٹا سکتی ہے۔سعدرفیق نے کہا کہ مخالفین نواز دشمنی میں ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں اور انہیں سزا دینے کی نت نئی تاویلیں گھڑی جارہی ہیں ماضی میں بھی مقبول عوامی رہنماں کی تذلیل اور سزاﺅں نے ملک کو نقصان پہنچایا جب کہ آئین شکنی کرنے اور اسے قانونی تحفظ دینے والوں کو محففوظ راستے دیئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک طاقتور دشمنوں میں گھرا ہوا ہے اور اندرونی خلفشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، یہ وقت ایک دوسرے کی تضحیک کرنے اور انتقام لینے کا نہیں بلکہ معاف کرکے بھول جانے کا ہے ہمیں باہمی محاذ آرائی کی بجائے مل کر آگے بڑھنے کی کوشش کرنا ہوگی۔