برطانوی ہائی کمشنر نے بنی گالہ جاکر  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  سے ملاقات

 
0
680

برطانوی حکومت نومنتخب حکومت سے تعاون کیلئے تیارہے: تھامس ڈریو

منی لانڈرنگ کے ذریعہ برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی واپسی  کے لئےبرطانوی حکومت ہمارا ساتھ دے: عمران

اسلام آباد، یکم اگست (ٹی این ایس): پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بنی گالہ جاکر  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر  انھیں دلی مبارکباد دیتے ہوئےنئی حکومت کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان برطانیہ کے باہمی تعلقات پر تفصیل سے بات ہوئی ۔برطانوی ہائی کمشنرنے کہا کہ برطانوی حکومت نومنتخب حکومت سے تعاون کیلئے تیارہے، پاکستان اوربرطانیہ کے د رمیان دوستانہ اورمعاشی روابط ہیں،برطانیہ پاکستان کابڑا تجارتی پارٹنرہے، ملک کی ترقی،عوام کی خوشحالی کیلیے آپ کے ساتھ ہیں، ہم تعلیم،صحت،سکل ڈیولپمنٹ،دیگرشعبوں کی بہتری کیلیے تعاون کومزید فروغ دینے کے لئے تیار ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے برطانوی حکومت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، پاکستانیوں کی بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم ہے، منی لانڈرنگ سے برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی واپسی ہماراعزم ہے،امید کرتے ہیں کہ برطانوی حکومت اس میں ہمارا بھرپور ساتھ دے گی۔

اس موقع پر   برطانوی ہائی کمیشن کے کئی عہدیداروں کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنماء اسد عمر سفقت محمود، شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور دیگر بھی موجود تھے۔