چین میں پھنسے مسافروں کو واپسی کیلئے بورڈنگ پاس جاری

 
0
258

بیجینگ اگست06 (ٹی این ایس) پھنسے ہوئے دوسو مسافروں کو واپس لانے کیلئے شاہین ایئرکی پرواز چین پہنچ گئی،جس کے بعد دوسو مسافروں کو واپسی کیلئے بورڈنگ پاس جاری کر دیئے گئے، امیگریشن سے کلیئرنس بھی کر دی گئی۔لاہور سے جانے والی شاہین ایئرکی پرواز کے مسافروں کو لےکر ڈیڑھ گھنٹے بعد روانہ ہونے کا امکان ہے۔

اس سے قبل چین میں پھنسے مسافروں کو لینے جانے والی شاہین ایئر کی پرواز کو پاکستان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پرزہ لگنے کے بعد کلیئر قرار دیا تھا۔ترجمان شاہین ایئر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر مسافروں کو آج پاکستان لے آئیں گے، پردیس میں پریشانی اور انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، چند ہی گھنٹوں میں طیارہ گوانگژو سے پھنسے پاکستانیوں کو لے کر واپس وطن روانہ ہوجائے گا۔ان افراد میں بعض پاکستانی شہری ایسے ہیں جو 29جولائی سے وطن واپسی کی راہ تک رہے تھے، جس کی وجہ شاہین ایئر کی پرواز منسوخ ہونے کے بعد متبادل پرواز کا کرایہ نہ ہونا تھا۔سول ایوی ایشن سے اجازت نہ ملنےپر 2اور 5اگست کو بھی شاہین ایئر کی پروازیں منسوخ ہوئیں، کرایہ واپس ملنے پر جن مسافروں کےلیے مہنگے ٹکٹ خریدلینا ممکن تھا وہ پہلے ہی وطن لوٹ آئے،مگر اب بھی 240کے قریب افراد مجبوری میں گوانگژو میں موجود ہیں۔پرزے کی تبدیلی کے بعد سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی پرواز کو اڑان بھرنے کی اجازت دی تھی جس کےبعد ، رات ڈھائی بجے کے قریب روانہ ہونے والی شاہین ایئر کی پرواز این ایل 892چین پہنچ گئی ہے اور مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ یہ پرواز مسافروں کو لے کر جلد ہی روانہ ہوگی اور آج ہی واپس لاہور پہنچ جائے گی۔مصیبت میں گرفتار ان پاکستانیوں کا معاملہ جیونیوز منظر عام پر لایا تھا، جس پر چیف جسٹس نے بھی نوٹس لیا تھا ، توقع ہےکہ آج دیار غیر سے وطن واپسی پر متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو پریشانی سے نجات مل جائے گی۔