بھٹو شہید کے افکار و نظریات کودنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی:سینیٹرانورلعل ڈین 

 
0
360

پیپلزپارٹی کے سینیٹرانورلعل ڈین ،ارشد حسین نقوی اور پرویز گل کی گیان چندایسرانی سے ملاقات،رکن سندھ اسمبلی بننے پر مبارکباد
کراچی، اگست  06 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹرانورلعل ڈین نے کہا کہ ہے کہ بلاول بھٹو روشن پاکستا ن کی آخری امید بن چکے ہیں،پیپلزپارٹی نے کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام کے مسائل حل کیئے ہیں، جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلزپارٹی جتنی بار بھی حکومت میں آئی ہے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئی ہے دوسری جماعتوں کی طرح کچھ قوتوں کا سہارالیکر نہیں آئی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جامشورو سے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی گیان چندایسرانی کو رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی لائرزونگ کے جنرل سیکریٹری سید ارشد حسین نقوی اور پرویز گل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفد نے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی گیان چند ایسرانی کو گلدستہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر سینیٹرانورلعل ڈین کاکہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین و رہنما عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار رہے ہیں اور عوام کے دلوں میں اپنے قیام سے آج تک گھر کیئے ہوئے ہیں اور سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کے امیدواران کی بھاری اکثریت سے کامیابی بات کاثبوت ہے کہ بھٹو شہید کے افکار و نظریات زندہ و جاوید ہیں اور انہیں دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔ انھوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے تمام کارکنان، شعبہ جات اور عوام کے ممنون و مشکور ہیں جنھوں نے پیپلز پارٹی سے اپنی دیرینہ وابستگی کا بھرپورثبوت دیا اور اپنے ووٹ کی طاقت سے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا۔