صوابی، مسلح افراد کی فائرنگ سے بونیر سے تعلق رکھنے والی خاتون دو بیٹوں سمیت جاں بحق ہو گئی

 
0
313

صوابی، اگست 07 (ٹی این ایس):بیکا جہانگیرہ روڈ پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے غورغشتی بونیر سے تعلق رکھنے والی خاتون دو بیٹوں سمیت جاں بحق ہو گئی۔ پولیس تھانہ چھوٹا لاہور کی رپورٹ کے مطابق مسماۃ(ف)زوجہ اقبال محمد سکنہ غورغشتی ضلع بونیر اپنی بیٹی کے گھر علاقہ بیکا دو بیٹوں کے ہمراہ آئی تھی جب وہ پیر کی شام اپنے بیٹوں عُزیر محمد اور عثمان محمد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر واپس گاؤں جارہی تھی تو راستے میں ان پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق وجہ قتل اور ملزمان فوری طور پر معلوم نہ ہو سکے اور آخری اطلاع آنے تک مقتولین کے ورثاء کی عدم موجودگی کے سبب کسی کے خلاف ایف آئی آر پولیس نے درج نہیں کرائی تھی ورثاء کے آنے پر ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او شہزاد خان اور ایس آئی فضل مالک بمعہ پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر چھوٹا لاہور منتقل کر دیا گیا ۔