بغیر مشاورت کے فیصلے ہوتے رہے تو اتحاد کا زیادہ دیر چلنا مشکل ہے ٗ رہنما پیپلز پارٹی
اسلام آباد اگست 7 (ٹی این ایس) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے 8 اگست کے احتجاج پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔ایک انٹرویو میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 8 اگست کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج اور مولانا فضل الرحمن کی طرف سے اسی دن ملک کی اہم سڑکیں اور شاہرایں بند کرنے کی دھمکی پر شیری رحمن نے کہا کہ ملکی نظام مفلوج کرنے کی نہ ہی ہم نے کوئی بات سنی ہے نہ کہی ہے ٗ(ن) لیگ نے 8 اگست کے احتجاج سے متعلق ہم سے مشاورت نہیں کی۔انہوں نے پس و پیش سے کام لیتے ہوئے کہا کہ ہماری چیئرنگ کمیٹی اس احتجاج میں شریک ہونے یا ہونے کے حوالے سے فیصلہ کریگی لیکن بغیر مشاورت کے فیصلے ہوتے رہے تو اتحاد کا زیادہ دیر چلنا مشکل ہے، الیکشن کمیشن کے باہر پرامن احتجاج کرنا سب کا حق ہے لیکن ہمیں ملک اور اداروں کو مفلوج کرنے کے بجائے پہلے ایوان میں احتجاج کرنا چاہیے۔اپوزیشن اتحاد کے مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کو گرینڈ اپوزیشن کہنا مناسب نہیں ہے ٗاتحاد کا واحد ایجنڈا یہ ہے کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور بیضابطگیوں کے خلاف تحقیقات کی جائے لیکن تحفظات کے باوجود ہم پارلیمنٹ میں جائیں گے۔