عمران خان کے پشاور بغیر پروٹوکول کے دعوے  غلط ثابت ہوئے

 
0
352

سیکیورٹی کی پانچ گاڑیوں کا ساتھ  اورسڑک کے دونوں جانب پولیس اہلکاروں کی تعیناتی نے سوالات پیدا کئے

پشاور ،اگست 08 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان پشاور گئے تو بغیر پروٹوکول کے سفر کیا۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک گاڑی چلا رہے تھے جبکہ گاڑی میں موجود علی زیدی نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی۔

علی زیدی نے ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ تبدیلی یہی ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا چیئرمین بغیر پروٹوکول کے سفر کر رہا ہے جبکہ ویڈیو میں گاڑی میں بیٹھے تمام افراد کے درمیان مکالمہ بھی سنا جا سکتا ہے جس میں عمران خان بھی حصہ لیتے ہیں اور پروٹوکول کے حوالے سے ہی باتیں ہو رہی ہیں۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور عمران خان کے مداح تعریف کرنے لگے لیکن مخالفین نے سڑک کے دونوں جانب کھڑے پولیس اہلکاروں اور عمران خان کی گاڑی کے سامنے جاتی پولیس کی گاڑی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پروٹوکول کیساتھ ہی سفر کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گرماگرم بحث جاری ہے مگر عمران خان کے قافلے میں سیکیورٹی گاڑیوں کی صحیح تعداد بھی سامنے آ گئی ہے اور ایک نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی گاڑی کیساتھ 5 سیکیورٹی گاڑیاں بھی ہیں جن میں سے 4 آگے اور ایک پیچھے سفر کر رہی تھی۔