عمران خان سے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کی ملاقات، مطالبات تسلیم کئے جانے کے وعدے پر حمایت کا اعلان

 
0
354

اسلام آباد،اگست 08 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف  کے سربراہ اور نامزد وزیر اعظم عمران خان سے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کی ملاقات،وزارت عظمیٰ کے لئے پی ٹی آئی کے سربراہ کی حمایت کا اعلان ،عمران خان کی شاہ زین بگٹی کو تمام جائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرا تے ہوئے حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

بنی گالہ میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے عمران خان سے تفصیلی ملاقات کی اور وزیر اعظم کے انتخاب میں پی ٹی آئی سربراہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے مطالبات بھی ان کے سامنے رکھے جس پر عمران خان نے جمہوری وطن پارٹی کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت بلوچستان کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کرے گی،ملاقات کے موقع پر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین،جہانگیر خان ترین ،چوہدری محمد سرور،اسد قیصر  ،علی زیدی سمیت  دیگربھی موجود تھے ۔چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے شاہ زین بگٹی کا بنی گالہ آمد پر خیر مقدم کیا گیا اور وزیر اعظم کے انتخاب میں حمایت پر شاہ زین بگٹی اور انکی جماعت کا شکریہ ادا کیا ۔عمران خان کا کہنا تھاکہ شاہ زین بگٹی اور انکی جماعت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے، بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ تحریک انصاف کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ڈیڑھ لاکھ بگٹی برادری کے لوگوں کی واپسی ،کچھی کینال پراجیکٹ سمیت ،بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور  مسائل کے حل  پربات چیت ہوئی ہے.شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ عمران خان کی وزیراعظم کےلیے حمایت کریں گے۔