این اے 73 سیالکوٹ: عدالت کا خواجہ آصف کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم

 
0
368

لاہوراگست 08(ٹی این ایس)لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 73 سیالکوٹ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دے دی۔لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس مامون رشید شیخ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناکام امیدوار عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد جسٹس مامون رشید شیخ نے فیصلہ سنایا۔عثمان ڈارنے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ریٹرنف افسر نے ان کے پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 فراہم نہیں کیا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے 7 ہزار 3 سو 46 ووٹ مسترد ہوئے تھے، جبکہ انہیں خواجہ آصف سے صرف ایک ہزار 4 سو 6 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ریٹرنگ افسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی گئی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا تاہم عدالت این اے 73 سیالکوٹ میں دوبارہ گنتی کروانے اور اس کے مکمل ہونے تک خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے۔خیال رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 73 سیالکوٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔