عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب، عہدے کا حلف اٹھالیا

 
0
369

کوئٹہ16 اگست(ٹی این ایس) میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کا حلف اٹھا لیا ہے۔میر عبدالقدوس بزنجو نے59 میں سے 39 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔اسپیکرکےانتخاب میں ایم ایم اے کے امیدوار محمدنوازخان نے20ووٹ حاصل کیے ممبر صوبائی اسمبلی سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ووٹ کاسٹ کرنے بلوچستان اسمبلی نہیں آئے۔

عبدالقدوس بزنجو 1973ء میں پیدا ہوئے، وہ معروف سیاسی شخصیت عبدالمجید بزنجو کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم آبائی علاقے آواران سے حاصل کی اور بلوچستان یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد سیاسی کیریئر کا آغاز 2002ء کے عام انتخابات میں حصہ لے کر کیا۔عبدالقدوس بزنجو نے (ق) لیگ کے ٹکٹ پر آواران سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ جام محمد یوسف کی کابینہ میں لائیو اسٹاک کے وزیر رہے۔وہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں آواران سے ایک بار پھر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور صوبائی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ حاصل کیا۔

تاہم اختلاف کے باعث ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔وہ 2017ء میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے محرک تھے۔ تحریک عدم اعتماد کے باعث نواب ثناءاللہ زہری کی حکومت کے خاتمے کے بعد عبدالقدوس بزنجو مختصر مدت کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہوئے۔انہوں نے (ق) لیگ سے مستعفی ہوکر بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور بی اے بی کے ٹکٹ پر آواران سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔بلوچستان عوامی پارٹی (جو کہ صوبے میں اکثریتی جماعت بن چکی ہے) اور بی اے پی کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو کو اسپیکر صوبائی اسمبلی منتخب کیا گیا ہے۔