نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

 
0
319

اسلام آباد اگست 20(ٹی این ایس)نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔نو منتخب وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے، جو حلف اٹھانے کے کچھ دیر بعد ہوگا، وفاقی کابینہ آج ہی سے کام شروع کر دے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی، اقتصادی اور سماجی پالیسیوں کے متعلق وزراء کو آگاہ کریں گے۔

نو منتخب وفاقی کابینہ 16 وزراء اور 5 مشیروں پر مشتمل ہے۔فواد چوہدری کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی وفاقی کابینہ کی لسٹ کے مطابق ایم کیوایم کے سینیٹر فروغ نسیم کو قانون و انصاف اور خالد مقبول صدیقی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت دی گئی ہے۔ان کے علاوہ چوہدری طارق بشیر چیمہ وزیر سیفران، نورالحق قادری وزیر مذہبی امور، شیریں مزاری وزیر انسانی حقوق، غلام سرور خان وزیر پیٹرولیم ڈویژن، زبیدہ جلال وزیر دفاعی پیداوار اور فواد چوہدری وزیر اطلاعات ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک وزیر دفاع، اسد عمر وزیر خزانہ، ریونیو اوراقتصادی امور، وزیر خزانہ، شیخ رشید وزیر ریلوے، فہمیدہ مرزا وزیر بین الصوبائی رابطہ، عامر محمود کیانی وزیر قومی ہیلتھ سروس ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن اور شفقت محمود کو وزیر فیڈرل ایجوکیشن پروفیشنل ٹریننگ کی وزارت دی گئی۔شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس اینڈ انڈسٹری ،ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم ماحولیات اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔