عمران خان کا خطاب سن کر حیرت ہوئی، ان کی تقریر وزیراعلی کی تقریر لگ رہی تھی جبکہ نومنتخب وزیراعظم کو اپنے اختیارات کے بارے میں علم ہی نہیں: احسن اقبال

 
0
571

نئی حکومت آن جاب ٹرینی لوگوں کی ہے، آسمان سے تارے توڑنے کی با ت کرنے والے خان صاحب نے زندگی میں بلدیاتی ادارہ بھی نہیں چلایا، کا بینہ میں پرویزمشرف کی پرانی ٹیم ہے: پریس کانفرنس

اسلام آباد ، اگست 21(ٹی این ایس ): مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مجھے عمران خان کا خطاب سن کر حیرت ہوئی، ان کی تقریر وزیراعلی کی تقریر لگ رہی تھی جبکہ نومنتخب وزیراعظم کو اپنے اختیارات کے بارے میں علم ہی نہیں ہے لیکن دعا ہے کہ عمران خان جلد سے جلد سیکھ لیں ۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبا ل کا کہناتھا کہ ہم نے جمہوریت کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی ،تحفظات کے باوجود اپوزیشن جماعتوں نے حلف اٹھایا،ہم ملک میں آئینی اور سیاسی بحران پیدا نہیں کرنا چاہتے ۔پاکستان میں نئی حکومت منتخب ہوئی ہے لیکن یہ نئی حکومت آن جاب ٹرینی لوگوں کی ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے آسمان سے تارے توڑنے کی با ت کی ہے اور قوم کی توقعات کو مزید بڑھا دیا گیا ہے حالانکہ عمران خان نے اپنی زندگی میں بلدیاتی ادارہ بھی نہیں چلایا ۔اہداف کیسے حاصل کیے جائیں گے؟ لائحہ عمل پر روشنی نہیں ڈالی گئی ل،یہی نہیں وزیراعظم کی کا بینہ میں پرویزمشرف کی پرانی ٹیم ہے لیکن ہم نے اپنے دور حکومت میں انتہاپسندی اور تشدد پر قابو پایا جس کا میں خود بھی نشانہ بن چکا ہوں ۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیں وزیرخارجہ کے نہ ہونے کا طعنہ دیتے تھے اور خود انہوں نے وزیرداخلہ کاقلمدان کسی کونہیں سونپا،برسراقتدار حکومت ناتجربہ کار ہے کیونکہ وزیراعظم کو وفاق اور صوبوں کے اختیارات کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے قرضوں کے بو جھ تلے نہیں دبا،ہماری حکومت نے سی پیک کے لیے دن رات محنت کی،بجلی کی پیداوارمیں اضافہ نہ ہواتوشدیدتوانائی بحران پیداہوسکتاہے کیونکہ حکومت کے پاس بجلی کی پیداوارکے حوالے سے روڈمیپ نہیں ۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عمران خان نے کو ئی پلان نہیں دیا جبکہ وزیر اعظم کسی بھی ادارے کی براہ راست نگرانی کر سکتے ہیں۔