پنجاب بھرمیں1460ٹریفک حادثات میں12 افراد جاں بحق1674زخمی 

 
0
341

لاہور اگست 25 (ٹی این ایس)پنجاب ایمرجنسی سروس نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1460 روڈ ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 12افراد جان بحق ہوئے جبکہ 1674 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی اور تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔1077معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیمز کی جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا ۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والے ان ٹریفک حادثات میں12افراد جان کی بازی ہارگئے جن کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کیں گئیں۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (86فیصد )موٹر سائیکلز ایکسیڈنٹ کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اورلین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 693ڈرائیوز،61کم عمرڈرائیورز805مسافراور176پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے ۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ295ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں، جن میں صوبائی درالحکومت287متاثرین کے ساتھ پہلے ،فیصل آباد124حادثات میں139متاثرین کے ساتھ دوسرے اورگوجرانوالہ 109حادثات میں105متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبرپررہا۔

واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1674متاثرین میں1305مرد اور369خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں398فراد کی اوسط عمر18سال سے کم اور854افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ354زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں1257موٹر سائیکلز،191آٹو رکشے،151موٹر کاریں،68وین24مسافربسیں،33ٹرک اور137دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔