پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ

 
0
376

اسلام آباد اگست 25(ٹی این ایس)نئے چیف سیکرٹر ی اور آئی جی سمیت پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ، شہباز دور کے بیوروکریٹ کو اہم ذمہ داریاں نہیں دی جائینگی، ذرائع، اعظم سلیمان اور خواجہ شمائل کے نام چیف سیکرٹری جبکہ امجد سلیمی اور واجد ضیا کے نام آئی جی پنجاب کے لئے زیر غور، نجی ٹی وی کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں اور تقرریوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور نئی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب میں اہم بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں اور تقرریاں کی جائیںگی۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں چیف سیکرٹری سمیت آئی جی پنجاب کی بھی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور نئے چیف سیکرٹری کیلئے اعظم سلیمان اور خواجہ شمائل کے نام جبکہ آئی جی پنجاب کیلئے کیلئے امجد سلیمی اور واجد ضیا کے نام زیر غور ہیں تاہم اہم عہدوں پر تبادلے اور تقرریاں نئی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد کی جائینگی،رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہباز دور کے اہم پوسٹوں پر تعینات بیوروکریٹس سے اہم ذمہ داریاں واپس لے لی جائینگی جبکہ ان کو اہم عہدے نہیں دئیے جائینگے۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے میں کرپشن کے خلاف مہم چلانے کا اعلان کر چکے ہیں اور ایسے میں آئی جی پنجاب کیلئے واجد ضیا کا نام زیر غور آنا اس جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

واجد ضیا پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ کے طور پر سپریم کورٹ کے حکم پر اس وقت کے حکمران خاندان شریف خاندان کے خلاف پانامہ لیکس میں آنیوالی تفصیلات اور آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کر چکے ہیں ۔ جبکہ تاحال نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اور وقتاََ فوقتاََ اپنے بیانات قلمبند کراچکے ہیں ۔