نوازشریف نے کاروباری مفادات کو مسئلہ کشمیر ،قومی مفاد دونوں پر ترجیح دی،مشرف نے بھی کشمیر کے معاملے کو شدیدنقصان پہنچایا‘ عمران خان

 
0
274

لاہور،10اپریل(ٹی این ایس):تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے اپنے کاروباری مفادات کو مسئلہ کشمیر اور قومی مفاد دونوں پر ترجیح دی،پرویزمشرف نے بھی کشمیرکی قراردادوں کو پرانا قرار دے کر اس معاملے کو شدید نقصان پہنچایا، پاکستان میں کوئی عسکری یا سویلین رہنما امن اور بھارت سے بہتر تعلقات کا مخالف نہیں، مسئلہ کشمیر پاک بھارت تعلقات کی نوعیت کا تعین کرتا ہے،تحریک انصاف کشمیر کے حوالے سے مکمل سوچ رکھتی ہے، اقتدار میں آئے تو کشمیر پر جامع، متحرک اور موثر پالیسی بنائیں گے۔سری نگر کے ایک جریدے کو انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ بندوق کی نوک پر امن اور خوشگوار تعلقات ممکن نہیں، مودی سرکار بازور قوت اہل کشمیر کے حقوق غصب کرتی اور کشمیر میں انسانی حقوق پامال کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر مرکزی حیثیت کا حامل ہے جس کا حل کیا جانا ناگزیر ہے، مشرقی تیمور کی طرح تنازعہ کشمیر کا حل بھی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کوئی عسکری یا سویلین رہنما امن اور بھارت سے بہتر تعلقات کا مخالف نہیں، مسئلہ کشمیر پاک بھارت تعلقات کی نوعیت کا تعین کرتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے اہل کشمیر کی حق خودارادیت کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، انہوں نے مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر حریت قیادت سے ملاقات تک نہ کی، نواز شریف نے حریت قیادت سے ملاقات کرکے اہل کشمیر کی آواز بننے کی بجائے اپنے کاروبار کو فوقیت دی، انہوں نے اپنے کاروباری مفادات کو مسئلہ کشمیر اور قومی مفاد دونوں پر ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی ہر لحاظ سے ناکامی کا استعارہ ہے، حکومت کے ہاں کشمیر پر کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں، کشمیر کمیٹی کے مولانا کی ساکھ ایسی ہے کہ یورپ کے کئے ممالک انہیں ویزہ تک نہیں دیتے جبکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کشمیر کمیٹی پر اٹھنے والے اخراجات قوم کے سامنے رکھنے کو تیار نہیں۔عمران خان نے کہا کہ پرویزمشرف نے کشمیرکے معاملے کو شدید نقصان پہنچایا، انہوں نے کشمیر پر قراردادوں کو پرانی قرار دے کر نقصان پہنچایا، کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادیں معاملے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں، یہ قراردادیں کشمیریوں کے حق خودارادی کی قانونی حیثیت کومضبوط کرتی ہیں۔تحریک انصاف کشمیر کے حوالے سے مکمل سوچ رکھتی ہے، اقتدار میں آئے تو کشمیر پر جامع، متحرک اور مثر پالیسی بنائیں گے۔