تحریک انصاف کی ڈسپلنری کمیٹی نے شہری کو سرعام  تشدد کا نشانہ بنانے والے ایم پی اے کو صرف  پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزاء سنادی

 
0
465

کراچی،اگست 25 (ٹی این ایس): تحریک انصاف کی ڈسپلنری کمیٹی نے شہری کو سرعام  تشدد کا نشانہ بنانے والے ایم پی اے کو صرف  پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزاء سنادی ہے۔

ڈاکٹرعمران شاہ نے قریبا ایک ہفتہ قبل ایک قدرے بزرگ شہری کو سرعام سڑک پر بری طرح   پیٹا تھا ۔ کسی رہگیر کی طرف سے بنائی گئی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے اسکا نوٹس لیا تھا اور  عمران شاہ کو   پارٹی کی انظباتی کمیٹی کے آگے پیش ہوکر وضاحت دینے کی ہدایت کردی تھی۔ اس سے پہلے ہی عمران شاہ نے مذکورہ شہری  کے پاس جاکر اس سے بظاہر معافی مانگ لی تھی اور اسکی ویڈیو بناکر  میڈیا پر ڈال دی تھی۔ مذکورہ شہری   نے  بعد ازاں  میڈیا کو بتایا تھا کہ  طاقت کے آگے  ” معاف ” کرنے کے سواء اسکے پاس چارہ نہ تھا۔ اس دوران عمران شاہ کی  جارحانہ اور منفی روش کی نشاندہی کرنے والی دو اور کہانیاں بھی سامنے آئی  اور توقع کی جارہی تھی کہ انصاف کے نعرے بلند کرنے والی پی ٹی آئی کی قیادت اپنے ایم پی اے کے خلاف قابل عبرت سزاء دے  گی مگر  پارٹی کی انظباتی کمیٹی کی طرف سے انھیں محض پانچ لاکھ روپے جرمانہ کرنے پر  متاثرین ہی نہیں بلکہ لاکھوں لوگ حیران  اور مایوس ہیں۔

‎ڈسپلنری کمیٹی نے کہا ہے کہ عمران شاہ نے پارٹی کے سامنے اپنا جرم قبول کیا اور تمام حقائق کومدنظررکھتےہوئےکمیٹی نےفیصلہ سنایا۔