ملک کی دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے، وزیر دفاع

 
0
443

اسلام آباد27 اگست(ٹی این ایس )وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر اور مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلح افواج کو تمام تر وسائل اور سازو سامان فراہم کیا جائے گا۔ترجمان وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے آج وزارت دفاع کو دورہ کیا، اس موقع پر نئے سیکرٹری دفاع لیفٹنٹ جنرل (ر) اکرام الحق اور اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیر دفاع کو وزارت اور اس کے متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزارت دفاع کے اعلی افسران سے گفتگو کرتے ہوے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ دفاع کی مضبوطی کے لیے تمام تر وسائل اور سازوسامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس سے قبل نئے سیکرٹری دفاع لیفٹنٹ جنرل (ر) اکرام الحق نے بھی سیکرٹری دفاع کا چارج سنبھالا تھا، لیفٹنٹ جنرل (ر) اکرام الحق نے لیفٹنٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ کی جگہ چارج سنبھالا ہے۔لیفٹنٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ کی مدت ملازمت چوبیس اگست کو مکمل ہو گئی تھی ، سیکرٹری دفاع لیفٹنٹ جنرل (ر) اکرام الحق کور کمانڈر گوجرانوالہ سمیت اہم پوسٹوں پر ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ بیس اگست کو نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا تھا، صدر ممنون نے وزرا اور مشیران سے حلف لیا ، وزیراعظم عمران خان تقریب حلف برداری میں موجود تھے۔ حلف لینے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، شیریں مزاری، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شیخ رشید، زبیدہ جلال، فواد چوہدری، غلام سرور خان ، طارق بشیر چیمہ، فہمیدہ مرزا، شفقت محمود، عامر کیانی، مولانا نور الحق قادری اور خسرو بختیار شامل تھے۔وفاقی کابینہ میں شامل فروغ نسیم کو وزارت قانون و انصاف، اسد عمر کو وزارت خزانہ، پرویز خٹک کو وزارت دفاع، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیخ رشید احمد کو وزارت ریلوے ، فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات اور غلام سرور خان کو وزارت پیٹرولیم ڈویژن کا قلمدان دیا گیا ہے۔طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، خسرو بختیار کو آبی ذرائع ، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق کا قلمدان دیا گیا ہے۔عمران خان کی کابینہ میں پانچ مشیر بھی شامل ہیں جن میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داؤد کو کامرس، ٹیکسٹائل، انڈسٹری پروڈکشن اور انویسٹمنٹ، ڈاکٹر عشرت حسین کو ادارہ جاتی اصلاحات، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر بنایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی ، اقتصادی اور سماجی پالیسیوں سے متعلق وزراء کو آگاہ کریں گے۔