تارکین وطن کشمیر کاز کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں،سردار مسعود خان

 
0
631

تارکین وطن پختہ سیاسی شعور کے ساتھ مقامی سیاست میں حصہ لیتے ہیں اوریہ امر خوش آئند ہے کہ وہ اپنے پارلیمنٹرین پر اثر ورسوخ رکھتے ہیں،صدر آزاد کشمیر 
اسلام آباد اگست 28(ٹی این ایس) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ تارکین وطن کشمیر کاز کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ پختہ سیاسی شعور کے ساتھ مقامی سیاست میں حصہ لیتے ہیں اوریہ امر خوش آئند ہے کہ وہ اپنے پارلیمنٹرین پر اثر ورسوخ رکھتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس سے آئے ہوئے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے منگل کو جموں وکشمیر ہاؤس میں صدر سے ملاقات کی۔ وفد میں نعیم چوہدری چیئرمین آل پارٹیز جموں وکشمیر فورم فرانس و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) یورپ ، رانا محمود ممبر آل پارٹیز جموں وکشمیر فورم فرانس اور چوہدری حفیظ شامل تھے۔ صدر گرامی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے روابط کو اپنے پارلیمنٹرین کے ساتھ مزید مضبوط و مستحکم بنائیں اور انہیں مسئلہ کشمیر پر خاموشی توڑنے پر راغب کریں ۔

صدر نے کہا کہ تارکین وطن اپنے اپنے ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی مظالم سے روشناس کرائیں۔ صدر مسعود خان نے اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کے حوالے سے جاری رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن اس رپورٹ کو اپنے اپنے ملکوں کے پارلیمنٹرین کو دکھائیں۔ اس رپورٹ میں تفصیل کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ آج کشمیر میں ہندوستان خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ وہاں کسی کی عزت محفوظ نہیں ۔ بوڑھے ، بچے ، جوان، خواتین سب بھارتی درندگی کا شکار ہیں ۔ خواتین کی آبروریزی کی جاتی ہے۔ انہیں سرچ آپریشن کے بہانے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ آئے روز حریت قیادت اور سیاسی کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریاں کی جاتی ہیں۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان سفارتی محاذ پر یہ پروپیگنڈہ کرتا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے یا پھر یہ کہ یہ دوطرفہ معاملہ ہے۔ اس ہندوستانی پروپیگنڈہ کو زائل کرنے کی ضرورت ہے۔ کشمیر ایک متنازعہ، حل طلب اور بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ صدر گرامی نے تارکین وطن وفد کے سے کہا کہ وہ روزانہ کشمیر میڈیا سروس کی ویب سائٹ کو دیکھیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ Greater Kashmirاور کشمیر واچ اخبارات کا بھی مطالعہ کرتے رہیں جن میں روزانہ کی بنیاد پر کشمیر کے متعلق اپ ڈیٹ موجود ہوتی ہیں۔ صدر مسعود خان نے کل جماعتی جموں وکشمیر فورم فرانس کی کشمیر کاز کے لئے کی جانیوالی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر آل پارٹیز جموں و کشمیر فورم فرانس کے صدر نعیم چوہدری نے صدر کو بتایا کہ انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری نژاد تارکین وطن کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل آل پارٹیز جموں وکشمیر فورم فرانس تشکیل دیا ہے جو کہ باقاعدہ فرانس میں رجسٹرڈ فورم ہے ۔ اور اس کا مقصد کشمیر کاز کو فرانس اور یورپ میں اجاگر کرنا ہے۔ صدر گرامی نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے حالیہ برسوں جرمنی ، بیلجئم ، ہالینڈ ، سویڈن، برطانیہ، کنیڈا سمیت کئی ممالک میں کشمیر کے حوالے سے پروگراموں میں شرکت کی ہے اور وہاں کے لوگوں کو کشمیر کے حوالے سے بہت متحرک پایا۔ وفد نے صدر گرامی کو بتایا کہ وہ عنقریب پیرس میں ایک پروگرام کا انعقاد کریں گے جس میں صدر گرامی کو مدعو کریں گے۔