محرم الحرام کے موقع پر حفاظتی بندوبست، تیاریاں مکمل کر لی ہیں، یوم عاشور کے جلوس سمیت تمام جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی: ڈی آئی جی آپریشنز لاہور

 
0
387

لاہور، ستمبر 01 (ٹی این ایس): پولیس نے محرم الحرام کے دوران شہریوں کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس بات کا دعویٰ کرتے ہوئے  ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز علماء کرام اور منتظمین سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتیں کر رہے ہیں اور محرم الحرام کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ضلعی اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں۔ عنقریب منتظمین اور امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ملاقات میں سکیورٹی معاملات کو حتمی شکل دی جائیگی۔

انھوں نےتیاریوں کے بارے میں بتایا کہ یوم عاشور کے جلوس سمیت تمام جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی،یکم محرم سے لاہور کے تمام تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشنز کیئے جائیں گے ،محرم الحرام سے پہلے تمام رضاکاروں کی تصدیق کے بعد پولیس لائینز میں فائر پریکٹس کروائی جائے گی، تمام ایس پیز ٹربل سپاٹس کا دورہ کر کے مسائل حل کروا رہے ہیں، شہر کی تمام حساس مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، ایس پی سکیورٹی محمد نوید کو سکیورٹی معاملات پر فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے مزید بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انھوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ  اپنی تقاریر کے دوران عوام میں محبت ، بھائی چارہ اور اتحادبین المسلمین کا پیغام پہنچائیں۔