افغان وزیر خارجہ کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون

 
0
556

اسلام آبادستمبر 3(ٹی این ایس):ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ افغان وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کیا اور مختلف امور سمیت جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کیا۔ٹویٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے پر امن افغانستان کے لیے پاکستان کا عزم دہرایا جبکہ رابطے میں سیکیورٹی مسائل کے حل کے لیے تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔دوران گفتگو افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کی سیکیورٹی سے متعلق تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے سیکیورٹی انتظامات میں مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا تھا۔پاکستانی سفارتخانے کے مطابق صوبہ ننگرہار کے گورنر حیات اللہ حیات جلال آباد کے قونصل خانے کے سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں بے جا مداخلت کر رہے تھے جو افسوس ناک اور 1963 کے ویانا کنونشن کی مکمل خلاف ورزی ہے۔