ایران،عراق جانے والے زائرین کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم

 
0
364

اسلام آباد3 ستمبر (ٹی این ایس)وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ماہ محرم الحرام کے دوران ایران ، عراق اوردیگرمقدس مقامات پر جانے والے زائرین کی سیکیورٹی کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے جامع لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں زائرین کی سیکیورٹی اور سہولیات سے متعلق ایک اجلاس میں ہوا، اجلاس کی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی، اجلاس میں وزیراعظم نے کہاکہ بیرون ملک مقدس مقامات کی زیارات کیلئے جانیوالے زائرین کیلئے سیکیورٹی ا ورسہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاک ایران سرحد پرزائرین کی سہولت کیلئے امیگریشن کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیاجائے، اور مستقبل میں زائرین کیلئے تمام متعلقہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے مستقل طریقہ کاروضع کیاجاناچاہیے۔اس موقع پر وزیراعظم نے شہریار آفریدی کو وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر فریقین سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مقامی حکومتوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء ، پنجاب ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے وزراء اعلی ، صوبائی وزراء اور وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے مقامی حکومتوں کے نظام پر تفصیلی غور کے بعد اسے دیگر صوبوں میں متعارف کروانے پر غور کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اختیارات صرف چند ہاتھوں میں محدود رکھنے کے بجائے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی پی ٹی آئی کا اہم اصلاحاتی ایجنڈا ہے ۔اجلاس میں مقامی حکومتوں کے نظام کیلئے سفارشات کی تیاری کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔ وزیراعظم نے ان سفارشات پر صوبائی اسمبلیوں سے قانون سازی ایک ماہ میں کروانے کی ہدایت کی ہے۔