وزیر اعلیٰ سندھ کا ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کرنے کا عزم

 
0
340

کراچی ستمبر 5(ٹی این ایس)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت نے سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں کو برق رفتاری سے مکمل کرنے کی ٹھان لی ہے ، جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی جلد کام شروع کردیا جائے گا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی میں ٹیپو سلطان پل کی تعمیر کے بعد 6 ماہ کی قلیل مدت میں جامشورو ریلوے پھاٹک پل کی تعمیر بھی مکمل کر لی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جامشورو میں تعمیر کیا گیا پل شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا پل ہے جو ریلوے پھاٹک پر تعمیر کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ پل 6 ماہ کی قلیل مدت میں ایک ارب 21 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جامشورو پل ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمدورفت و سفری سہولیات میسر آنے کے علاوہ ضلع کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ جامشورو ریلوے پھاٹک پر پل کی تعمیر علاقہ مکینوں کی دیرینہ خواہش تھی جس کو ہم نے پورا کیا،ان کا کہنا تھا کہ محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی پیپلز پارٹی کا شیوہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانا ہماری ترجیح رہا ہے، پلوں کی تعمیر سے شہروں کے درمیاں نہ صرف فاصلے کم ہوں گے بلکہ وقت کی بچت بھی ہوگی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ سال شروع ہونے والے تمام منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیںاس کے علاوہ نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔