بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی: فواد چوہدری

 
0
353

اسلام آباد ستمبر 5(ٹی این ایس) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بیرون ممالک سے رقم واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ باہر سے پیسے لانے کے لیے وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ قائم کیا گیا ہے، یونٹ میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ صوابدیدی فنڈز ختم کرنے سے 80 ارب روپے واپس آگئے ہیں۔ لیپ ٹاپ جیسی اسکیمیں ختم کرنے سے پیسہ وزارت خزانہ میں واپس آیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی اور صفائی کے منصوبوں کا تعلق صوبوں سے ہے، وفاق ان منصوبوں سے متعلق براہ راست اقدامات کرے گا۔ تعلیم سے متعلق بھی ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول واپس بھجوانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ ٹاسک فورس مدارس کے بچوں کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مدارس لیول پر سرٹیفیکیٹ ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ملک بھر میں تعلیم سے متعلق ایک ہی سرٹیفیکیٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ پرائیوٹ اسکولوں سے بھی بات چیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلیبس سے متعلق بھی سارےمتعلقہ حکام سے بات چیت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن سے متعلق ادارے بنائے جائیں گے۔ اسٹریٹ چلڈرن اور خواتین سے متعلق ادارے کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ اسٹریٹ چلڈرن کے لیے اسلام آباد میں یتیم خانہ بنایا جائے گا۔ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کے روزگار سے متعلق بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارتخانوں کے رویے بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستانی شہریوں سے رویے کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیرون ملک پاکستانی قیدیوں سے متعلق اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران میں پاکستانی سزائے موت کے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا، ایران نے اپنے انسداد منشیات کے قانون میں تبدیلی کی ہے۔ قانون میں تبدیلی سے امید ہے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اہم تھا اس حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے تربیلا ڈیم کے فنڈز میں خورد برد کا نوٹس بھی لیا ہے۔ تربیلا ڈیم کے 25 ارب کے فنڈز کی تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔ لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک رکھنے والوں کی معلومات دینے والوں کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسکول کے بچوں کو جسمانی سزا نہیں دی جاسکتی، مدارس اور انگریزی اسکولوں میں بنیادی تعلیم یکساں ہوگی۔ نجی اسکولوں کی فیسوں کو مناسب سطح پر لایا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب ہو۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ ریاست پاکستان فیصلہ کرے گی اس ملک کو کیسے چلانا ہے۔ آئین پاکستان ہمیں اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری دیتا ہے۔ اسلام میں بھی اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اقلیتوں سے متعلق الگ رویے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اقلیتوں کے معاملے پر بے لاگ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔