ضمنی انتخابات میں کامیابی کیلئے (ن) سے وابستگی رکھنے والے ہر شخص کو انفرادی اوراجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا ‘حمزہ شہباز

 
0
353

دھاندلی سے حکومت میں آنیوالے ضمنی انتخابات میں عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے سے باز رہیں ‘ اجلاس میں گفتگو
لاہورستمبر 9(ٹی این ایس)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں بھرپور کامیابی کیلئے پارٹی سے وابستگی رکھنے والے ہر شخص کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا ، دھاندلی سے حکومت میں آنے والے ضمنی انتخابات میں عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے سے باز رہیں اور عوام ان کا محاسبہ کریں گے، مسلم لیگ (ن) بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور عوام کے حقوق کیلئے اسمبلیوں کے اندر اور باہر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ضمنی انتخابات خصوصاً حلقہ این اے 124کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں پرویز ملک، بلال یاسین ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، علی پرویز ملک،سید توصیف شاہ ،باؤ اختر اورملک ریاض سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، ضمنی انتخابات کی تیاریوں ، پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کو ضمنی انتخاب خصوصاً حلقہ این اے 124 میں کامیابی کیلئے ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں ۔