جو بھی فیصلہ کروں گا اس کا مقصد پاکستان کی کرکٹ کو آگے لے جانا ہو گا ٗ چیئر مین پی سی بی 

 
0
320

ماجد خان کو چیف ایگزیکٹو آفیسر بنائے جانے کی تجویز سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے ٗ احسن مانی 
چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے بعد بھی پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف آپریٹنگ آفیسر کا عہدہ برقرار رہے گا ٗانٹرویو
لاہور ستمبر 9 (ٹی این ایس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں موجود ہے لیکن انھوں نے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے اس عہدے کیلئے ماجد خان کا نام تجویز نہیں کیا۔احسان مانی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی جانب سے ماجد خان کو چیف ایگزیکٹو آفیسر بنائے جانے کی تجویز سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس طرح کی خبریں کون پھیلا رہا ہے اور ان کا مقصد کیا ہے؟۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ موجود ہے اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات آئین کے مطابق چلائے جائیں۔

احسان مانی نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں تمام تر اختیارات چیئرمین نے اپنے پاس رکھے حالانکہ چیئرمین کا کام پالیسی اور حکمت عملی تیار کرنا ہوتا ہے اور اس پر عملدرآمد کیلئے چیف ایگزیکٹو کو ہونا چاہیے۔ اگر تمام اختیارات چیئرمین کے پاس ہی ہوں گے تو پھر اسے کون مانیٹر کریگا؟ میں چاہتا ہوں کہ چیئرمین سمیت ہر کوئی جواب دہ ہو۔انھوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے بعد بھی پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف آپریٹنگ آفیسر کا عہدہ برقرار رہے گا۔چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو بظاہر پاکستان کرکٹ بورڈ سے الگ رکھنے کی باتیں ہوتی ہیں لیکن درحقیقت پاکستان سپر لیگ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہی لوگ چلاتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ اور قائد اعظم ٹرافی میں کوئی بھی فرق نہیں کر سکتا۔ پاکستان سپر لیگ کے معاملات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور اس کے روز مرہ معمولات چلانے کیلئے مینیجنگ ڈائریکٹر کی سطح کی تقرری کی جائے گی۔احسان مانی نے کہا کہ وہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کو بھی پیشہ ورانہ انداز میں چلانا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ میڈیا کو ایک ہی جگہ سے خبریں اور معلومات فراہم کی جائیں جیسا کہ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز میں ہوتا ہے اسی لیے انھوں نے بورڈ میں غیر ضروری واٹس ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا نے کہا کہ انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ میں آئے ہوئے چند ہی روز ہوئے ہیں وہ ابھی تمام معاملات کو سمجھ رہے ہیں اور کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں کرنے میں یقین نہیں رکھتے۔ وہ کچھ وقت لیں گے لیکن جو بھی فیصلہ کریں گے اس کا مقصد پاکستان کی کرکٹ کو آگے لے جانا ہو گا۔