رحمان   ملک کی یاسین ملک کو ان کی سالی کی  شادی میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر بھارتی حکومت کی مذمت

 
0
510

اسلام آباد، ستمبر 08 (ٹی این ایس): چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک  نے کشمیری رہنماء اور جموں و کشمیر لبریشن  فرنٹ کے چئیرمین محمد یاسین ملک کی سالی کی شادی میں شرکت کی ۔اس موقع پر انھوں نے  یاسین ملک سے  فون پر بات کی اور  ان کی صحت دریافت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سینیٹر رحمان ملک  نے اس موقع پر کہا کہ  وہ یاسین ملک کو انکی فیملی شادی میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر بھارتی حکومت کی مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو  بہادری کا مظاہرہ کرکے یاسین ملک کو اسکی اہلیہ مشال ملک کی بہن کی شادی میں شرکت کی اجازت دینی چاہئے تھا،بھارتی حکومت بزدلانہ حرکتوں اور حربوں سے بہادر حریت رہنماؤں اور کشمیری عوام کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔

سینیٹر رحمان ملک  نے کہا کہ حریت رہنماء یاسین ملک اور انکی اہلیہ مشال ملک کو بھارتی مظالم کیخلاف جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بھارت کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے اور ہر قسم کے انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے دوسری طرف اقوام متحدہ سمیت  انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی ہیں۔

تاہم پاکستانی عوام ہمیشہ کشمیری عوام کیساتھ ہے اور انکے شانہ نشانہ کھڑے رہینگے۔