سی پیک پرپاکستان اور چین کا مئوقف یکساں ہے،دونوں ممالک سی پیک کی جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہیں چینی وزارت خارجہ کی وضاحت

 
0
407

اسلام آباد، ستمبر 10(ٹی این ایس):چینی وزارت خارجہ نے سی پیک کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ سی پیک پرپاکستان اور چین کا مئوقف یکساں ہے،دونوں ممالک سی پیک کی جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ سی پیک پرپاکستان اور چین کا مئوقف یکساں ہے۔ دونوں ممالک تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات کا عزم رکھتے ہیں۔

پاکستان اورچین کا سی پیک کی جلد تکمیل پراتفاق ہے۔ چینی ترجمان کا کہنا ہے کہ بیجنگ اسلام آباد کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چینی وزیرخارجہ کا دورپاکستان دراصل پرانی دوستی کی تجدید تھا۔ واضح رہے سی پیک کے حوالے سے یہ پروپیگنڈا رپورٹ سامنے آئی تھی کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں سی پیک معاہدے پر دوبارہ مذاکرات پر آمادگی کا اشارہ دیا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان منصوبوں اور قرض ادائیگی کی مدت بڑھانے کے آپشن زیر غور ہیں۔اس حوالے سے ماہر معاشیات اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ فی الحال تمام سی پیک منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے معاہدے ازسرِ نو کیے جائیں گے جن سے چینی کمپنیوں کو ناجائز فائدہ پہنچ رہا ہے اور پاکستانی کمپنیاں نقصان میں ہیں۔عبدالرزاق داؤد کے مطابق گزشتہ حکومت نے سی پیک پر چین کے ساتھ بہتر طور پر مذاکرات نہیں کیے۔ انہوں نے اپنا ہوم ورک صحیح سے نہیں کیا اور درست طرح سے مذاکرات نہیں کیے۔ دوسری جانب ماہر معاشیات اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک منصوبے کے حوالے سے ان کے حالیہ انٹرویو کے کچھ حصے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے گئے۔