سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کاروباری دوراندیشی کے باعث قطرسے گیس خرید کرپاکستان کے 600 ملین ڈالربچا لئے تھے: بلومبرگ

 
0
459

 پی ٹی آئی رہنماء محسن عزیز نے سینیٹ میں رپورٹ پیش کرنے کی تصدیق بھی کردی

لاہور، ستمبر 10(ٹی این ایس):سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے قطرسے گیس خرید کرپاکستان کے 600 ملین ڈالربچا لئے تھے، سابق وزیراعظم کی کاروباری دوراندیشی کے باعث قطر سے برطانیہ اور روس کی بجائے کم نرخوں پرگیس خریدی،،پی ٹی آئی رہنماء محسن عزیز نے سینیٹ میں رپورٹ پیش کرنے کی تصدیق بھی کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی کاروباری دوراندیشی نے پاکستان کوکم قیمت پرگیس خریدنے میں کامیاب کردیا،بین الاقوامی تیل کمپنیوں کے درمیان مقابلے کی فضا ء سے فائدہ اٹھا کرپاکستان نے 10برسوں میں 600 ملین ڈالر بچا لیے۔

امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایل این جی ڈیل کی وجہ سے 10سالوں میں 600 ملین ڈالر بچائے گا۔

سینیٹ کی پٹرولیم کمیٹی کے سامنے پیش کی گئی حکومت کی مارکیٹنگ رپورٹ کے مطابق پاکستان برٹش پٹرولیم ، گنگول جیسی تیل فراہم کرنے والی بڑی برطانوی اور روسی نرخوں سے کم قیمت پر2016ء میں قطر سے گیس خریدنے کا معاہدہ کیا۔اس سے پہلے پاکستان اور قطر کے درمیان 2سال تک معاہدے کے مذاکرات تعطل کا شکار رہے۔

قطر نے پاکستان کوکم قیمت پرگیس بیچنے سے انکار کردیا تھا۔کمیٹی کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے رہنماء محسن عزیز نے سینیٹ میں رپورٹ پیش کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے ایل این جی معاہدے پرتحفظات کی تحقیقات کیلئے حکومت سے سفارش کریں گے۔اس کے برعکس مسلم لیگ ن کی حکومت کے سیاسی مخالفین نے قطر سے ایل این جی گیس خریدنے پرشدید تنقید کی اور کیسز بھی کیے گئے۔

تحریک انصاف کے اتحادی شیخ رشید نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف کیس بھی کیا کہ شاہد خاقان نے ایل این جی مہنگے داموں خرید کر پاکستان کواربوں ڈالرکا نقصان پہنچایا ہے جبکہ تاحال ایسا کچھ ثابت نہ ہو سکا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے انکشاف کیا ہے کہ ایل این جی معاہدے پرن لیگ نے قوم کو گروی رکھوا دیا ہے،ن لیگی حکومت کے معاہدے کے تحت سالانہ قطر سے 2 ارب ڈالرکی ایل این جی خریدنے کی پابندی ہے، جبکہ کم خریدنے پرجرمانہ اور معاہدہ 2026ء تک منسوح نہیں ہوگا۔

انہوں نے ٹویٹر پراپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ن لیگ کا قطر کے ساتھ ایل این جی گیس معاہدے میں پاکستان کو بُری طرح پھنسانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سالانہ قطر سے 2 ارب ڈالرکی ایل این جی خریدنے کی پابندی ہے جبکہ کم خریدنے پر بھاری جرمانہ ہوگا اور قیمت بھی کم نہیں ہو گی۔ اسی طرح معاہدہ 2026 تک منسوح نہیں ھوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کمیشن کے لئےن لیگ نے قوم کو گروی رکھوا دیا۔