پی کے 23 شانگلہ ضمنی الیکشن کا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی کامیاب

 
0
291

شانگلہ، ستمبر 10(ٹی این ایس):پی کے 23 شانگلہ ضمنی الیکشن کا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، عام انتخابات کے بعد پہلے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی نے واضح برتری سے ن لیگ کے امیدوار کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد پہلا ضمنی الیکشن خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 23 شانگلہ میں ہوا۔

پی کے 23 شانگلہ پر ہونے والے الیکشن میں تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی کامیاب ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں خواتین ووٹرز کی شرح کم ہونے کے باعث نتیجہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کروانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پیر کے روز پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور جو کسی وقفے کے بغیر شام 6 بجے تک جاری رہی۔

خیبرپختونخواہ کی نشست پر 13 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جن میں تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی، ایم ایم اے کے محمد یار، اے این پی کے عمرزادہ اور پیپلزپارٹی کے افسر الملک شامل ہیں۔ حلقے میں 135 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے۔ پولنگ ختم ہونے کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا تھا۔ اب نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ کے مطابق پی کے 23 شانگلہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج مرتب کر لیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی نے ن لیگ کے امیدوار کو باآسانی اور واضح برتری سے شکست دے دی ہے۔ تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی نے ن لیگ کے امیدوار کے 11 ہزار سے زائد ووٹوں کے مقابلے میں 39 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی ہے۔ یوں عام انتخابات کے بعد پہلے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف میدان مارنے میں کامیاب رہی ہے۔