وزیر ریلوے کی چینی ریلوے انجینیئرنگ کارپوریشن حکام سے ملاقات

 
0
363

لاہورستمبر 11(ٹی این ایس) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے چین کے ریلوے انجینیئرنگ کارپوریشن (سی آر ای سی) حکام کی ملاقات ہوئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی مفت ٹرین انجنز اور کوچز تک بھیجنے کی بات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید سے چین کے ریلوے انجینیئرنگ کارپوریشن (سی آر ای سی حکام کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان ریلوے میں بہتری سے متعلق بات چیت کی گئی۔
چینی حکام نے پاکستان ریلوے میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے اور ہم سی پیک کی مکمل حمایت کرتے ہیں، 2 نئی ریل گاڑیاں چلا رہے ہیں جن کا افتتاح وزیر اعظم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ 10 سے 20 سال کا منصوبہ تیار کر رہے ہیں، اوور سیز پاکستانی مفت ٹرین انجنز اور کوچز تک بھیجنے کی بات کر رہے ہیں۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہماری چین کے ساتھ پرانی اور دائمی دوستی ہے، ایم ایل ون کے علاوہ دیگر منصوبوں پر بھی چین کی معاونت درکار ہوگی۔ ’وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن سے متعلق زیرو ٹالرینس پالیسی ہے‘۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شیخ رشید ریلوے کے کرائے بڑھانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے ڈیم فنڈ میں 10 کروڑ روپے سالانہ جمع کروائے گی جس کے لیے 100 روپے کے ٹکٹ پر ایک روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تھا کہ 100 روپے سے زائد مالیت کے ٹکٹوں پر 2 روپے اضافہ ہوگا، ایئر کنڈیشنڈ کار کی ٹکٹوں پر کرایہ میں 10 روپے اضافہ ہوگا۔