شاہد خاقان صاحب ملکی خزانے کو اربوں کھربوں کا چونا لگانے کے بعد کس منہ سے تنقید کر رہے ہیں‘فیاض الحسن چوہان

 
0
325

لاہور جنوری 04 (ٹی این ایس): صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ جس کی بھی کرپشن کی دم پر پاں رکھو اس کو ملک، معیشت اور جمہوریت یاد آجاتی ہے،ایل این جی کے حوالے سے لوٹ مار کرنے کے بعد بھی شاہد خاقان عباسی جیسے سیاستدان صرف 4ما ہ کی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ دنیا کے کسی بھی تھکے ہوئے ماہر معاشیات سے پوچھ لیں کہ 4ماہ میں معیشت کیسے بن سکتی ہی صوبائی وزیر برائے اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کی معیشت کو اپنے پیروں پہ کھڑا کرنے کے لیے کم از کم پانچ سال کا وقت چاہیے ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے شاہد خاقان عباسی صاحب اور ان کی حکومت کی کرتوتیں ایسی تھیں جن کی بدولت ہماری معیشت اس حد تک بے حال ہے۔ان کی تو یہ خواہش تھی کہ ملک خدانخواستہ دیوالیہ ہوجائے اور عمران خان اسے سنبھال نہ سکیں۔لیکن عمران خان صاحب نے بڑے تدبر اور کمال کے ساتھ دوسرے ممالک سے معاشی تعلقات بنائے اور ملک کی معیشت کی ڈوبتی نا کو سہارا دیا۔مقام حیرت ہے کہ شاہد خاقان صاحب ملکی خزانے کو اربوں کھربوں کا چونا لگانے کے بعد کس منہ سے تنقید کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے۔ آل شریف اور ان کے حواریوں کو پہلے نیب سے کوئی مسئلہ نہیں تھا کیونکہ یہ ادارہ ان کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی تھا، لیکن اب جبکہ نیب کا ادارہ غیر جانبدار ہوکر کام کر رہا ہے اور ان کی کرپشن پر بلا امتیاز ہاتھ ڈال رہا ہے تو یہ اسے ظالمانہ اور کالا قانون کا نام دیتے ہیں۔اب یہ چاہتے ہیں کہ انہیں کھلا چھوڑ دیا جائے تاکہ یہ دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹیں۔پچھلے 10سال کی تاریخ کھول کردیکھ لیں ہرسال منی بجٹ آئے ہیں کیا اس کامطلب معیشت کو کمزور کرنا ہی عوام بہتر جانتے ہیں کہ خطرہ ہرگز عوام اور پاکستان کو نہیں بلکہ ان لوگوں کو ہے اور ان کی سیاست اور لوٹ مار کو ہے۔پاکستان کا مستقبل بہت اچھا ہونے والا ہے کیونکہ اب حکمران چور نہیں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جب تک رہے گی یہ برباد ہوتے رہیں گے۔ پاکستان ترقی کرے گا اور جلنے والوں کا منہ کالا ہوگا،پاکستان کے اندر بھی اورباہر بھی۔