وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی روکنے کی استدعا مسترد

 
0
373

اسلام آباد ستمبر 11(ٹی این ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی روکنے کی استدعا مسترد کردی ہے، مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار چودھری ناصر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ گاڑیوں کی نیلامی سے غیر ملکی مہمانوں کا پروٹوکول متاثر ہوگا، بعد میں غیر ملکی مہمانوں کیلئے گاڑیاں کرائے پر لینا پڑیں گی۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل خالد محمود کا کہنا تھا کہ اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی جا رہی ہے، کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں مقروض قوم پر بوجھ ہیں، وزیراعظم بیک وقت درجنوں گاڑیاں استعمال نہیں کرسکتے۔
عدالت عالیہ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد سرکاری گاڑیوں کی نیلامی رکوانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔