لاہورچیمبرکامرس کا ڈیمزفنڈ کیلئے1کروڑ روپےکا عطیہ

 
0
380

چییف جسٹس سپریم کورٹ سےلاہور چیمبر آف کامرس کےعہدیداراں کی ملاقات،ڈیمز فنڈز کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا

لاہور ستمبر 16 (ٹی این ایس): چییف جسٹس ڈیمز فنڈ میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ایک کروڑ روپے جمع کروا دیے، چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداراں نے ملاقات کر کے ڈیمز فنڈز کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق  لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید ، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، میاں مصباح الرحماں، عبدالباسط، اورمیاں طارق سمیت دیگر پر مشتمل وفد نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کر کے دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ کا چیک پیش کیا۔

چیف جسٹس کی جانب سے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کی اس کاوش کو سرہا گیا۔ محکمہ آبپاشی کے ریٹائرڈ ملازم حاجی فیاض احمد نے بھی چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کر کے ڈیمزفنڈ کے لئے ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ اس سے قبل گزشتہ روزخواجہ سراؤں کی جانب سے ایک لاکھ روپےڈیم فنڈ میں دیے گئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ خواجہ سرا بھائیوں کی طرف سے اپنے پاس سے بھی ایک لاکھ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

اسی طرح اخوت کی طرف سے 10لاکھ روپے کا عطیہ دیا گیا۔ پاک فوج کی جانب سے ایک ارب روپے کا چیک دیا گیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے اعلان کیا ہےکہ قوم میں یکجہتی ہوگی توکالاباغ ڈیم بھی بنائیں گے۔ کالاباغ ڈیم ہی ملک وقوم کی بقاء کا ضامن ہے۔ انہوں نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 6 کا باریک بینی سے مطالعہ کررہا ہوں۔ تاکہ ڈیم کی مخالفت کرنے والوں کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم ہوسکے۔

کیونکہ ڈیمزبننے کی مخالفت کرنے والے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ واضح رہے چیف جسٹس ثاقب نثار نے دیا میر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کررکھا ہے۔ جس میں شہریوں سمیت اداروں کے ملازمین اور طلباء ،اوورسیزپاکستانی بڑھ چڑھ کراپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ واضح رہے سپریم کورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں اب تک 3 ارب33 کروڑاور7 لاکھ سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈیمز فنڈ قائم کرنے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار کوخراج تحسین بھی پیش کیا انہوں نے قوم سے خطاب میں وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کواکٹھا کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں سمیت تمام شہریوں کو ڈیمز فنڈ میں عطیات جمع کروانے کی اپیل بھی کررکھی ہے۔