اب سب کو گھر ملے گا! حکومت کا ”انصاف ہومز“ منصوبہ لانے کا فیصلہ!

 
0
426

نئے منصوبے کے تحت لاہور سمیت ملک بھر میں 25 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے
اسلام آباد ستمبر 24 (ٹی این ایس): تحریک انصاف نے نئے گھر تعمیر کرنے کے حوالے سے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت “انصاف ہومز منصوبہ” لا رہی ہے جس کے تحت لاہور سمیت ملک بھر میں 25لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔منصوبے کے تحت 2اور 4 مرلوں کے فلیٹس اور گھر تعمیر کیے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے دو ماہ کے اندر منصوبے پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے غریب عوام کے لیے 50 ملین گھر تعمیر کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے 50 ملین گھر جلد تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 50 ملین گھر بے گھر افراد کو آسان اقساط پر دئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے 50 ملین گھر ملک کے مختلف شہروں میں تعمیر کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے وفاقی حکومت نے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے اس منصوبے کے لیے پاکستانی نژاد برطانوی تاجر شخصیت انیل مسرت وزیراعظم عمران خان کی مدد کر رہے ہیں۔ انیل مسرت کے عمران خان سے2004ء سے تعلقات ہیں۔ انیل مسرت کا کہنا تھا کہ میں 5 ملین گھروں کی تعمیر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو مفت مشورے دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی رسمی عہدہ بھی نہیں لیا۔ انیل مسرت نے کہا کہ میں پاکستان میں بزنس کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ اللہ کا شکر ہے کہ میرےیورپ اور برطانیہ میں منافع کمانے والے بزنسز موجود ہیں۔میری دلچسپی کی واحد وجہ میرا پاکستانی ہونا اور میری وطن کو کچھ دینے کی خواہش ہے۔ میں عمران خانکی جانب سے ہاؤسنگ پر بنائی گئی ٹاسک فورس کو مشاورت کی فراہمی پر بھی کوئی معاوضہ وصول نہیں کروں گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال میں برطانیہ میں9000 مکانات بنا کر دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں، جن کی قیمت فروخت 2 ارب پاؤنڈز ہوگی۔ رہائشی منصوبوں کے حوالے سے میری وزیراعظم عمران خان سے گفتگو ہوئی اور انہیں میری تجاویز اچھی لگیں، جس کے بعد انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ میں ان کی ٹاسک فورس کا حصہ بنوں۔۔ میں اپنی ہاؤسنگ کمپنی کے ترقیاتی ماہرین کو استعمال کروں گا جو پاکستانی حکومت کو مشورہ دیں گے۔ اس کا بنیادی مقصد غربت کا خاتمہ اور پاکستان کو معاشی طور پر بحالی کی طرف لانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے بتائے ہوئے منصوبے پر عمل ہوا تو 5 ملین مکانات کی تعمیر کے لیے 6 ملین ملازمتیں پیدا ہوں گی۔