پاکستان متوسط طبقے کی بہت بڑی مارکیٹ ہے،

 
0
405

یہاں وافر نوجوان افرادی قوت ، چین، وسطی اور جنوبی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کی بنیاد پر شاندار مواقع موجود ہیں , وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکی تھنک ٹینک انٹلانٹک کونسل کے زیراہتمام کاروباری رہنمائوں، تجزیہ کاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب
نیویارک ستمبر 26 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور بد عنوانی و سرخ فیتے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام نے واضح طورپر تبدیلی کے حق میں اپنا فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں امریکی تھنک ٹینک انٹلانٹک کونسل کے زیراہتمام کاروباری رہنمائوں، تجزیہ کاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیرخارجہ نے کاروبار دوست پاکستان کے لئے نئی حکومت کا ویژن پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں پاکستانی نوجوان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ شاہ محمود قریشی نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول اور مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان متوسط طبقے کی بہت بڑی مارکیٹ ہے اور یہاں وافر نوجوان افرادی قوت موجود ہے۔
چین، وسطی اور جنوبی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کی بنیاد پر شاندار مواقع پائے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار کے لئے غیر ملکی کمپنیوں کے لئے صورتحال میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ کئی مشہور کثیر القومی کارپوریشنیں اور بین الاقوامی فرنچائز کمپنیاں پہلے سے کام کررہی ہیں اور کئی عشروں سے منافع بخش کاروبار کررہی ہیں۔ وزیرخارجہ نے خاص طورپر ٹیلی نار گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر سگوی بریکی کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت کے بارے میں اظہار خیال کے لئے ناروے سے آئے تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خارجہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کے حصول کے لئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ فعال رابطے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی سوچ کااظہار کیا۔ انہوں نے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کے حصول کے لئے سرمایہ کاری راغب کرنے کے ضمن میں حکمت عملی کابھی خاص طورپر ذکر کیا۔