پاکستانی روپے کی قدرمیں کمی ، ڈالر کی قیمت میں 80 پیسے کا اضافہ

 
0
548

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 127 روپے ہو گئی
کراچی ستمبر 29 (ٹی این ایس): پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی کے بعد ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قیمت میں 80 پیسے کا اضافہ ہو گیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 127 روپے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 126 روپے 50 پیسے ریکارڈ ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈالر چھوٹی ایکسچینج کمپنیوں پر 127 روپے20 پیسے سے127 روپے40 پیسےپر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ دو دنوں میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 20 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان کےغیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں 26 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ۔ملکی ذخائر 21 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ تک 15 ارب 52 کروڑ ڈالر رہے۔
مرکزی بینک کے ذخائر 29 کروڑ ڈالر کم ہو کر نو ارب تین کروڑ ڈالر ہوگئے جب کہ شیڈول بینکوں کے ذخائر اڑھائی کروڑ ڈالر اضافے سے 6.48 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔ معاشی ماہرین نے پاکستان کے کم ہوتے زرمبادلہ کے ذخائر پاکستان کی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا ہے۔ پاکستان کو اس وقت ادائیگیوں کے توازن کے بحران کا سامنا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کی برآمدات کی شرح نمو کم ہے اور درآمدات بہت زیادہ ہیں، اس لیے پاکستان کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کا سامنا ہے۔
ماضی کی نسبت برآمدات میں کچھ اضافہ اور بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے بھیجے جانے والی رقوم میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا تاہم یہ اب بھی ناکافی ہے۔ ادارہ شماریات نے حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارے میں کمی آئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی اگست کے دوران تجارتی خسارہ گذشتہ برس کے اسی عرصہ کے مقابلے میں ایک اعشاریہ تین فیصد کم ہوا ۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی اور اگست میں برآمدات کا حجم تین ارب 66 کروڑ30 لاکھ ڈالر رہا جب کہ درآمدات نو ارب 83 کروڑ ڈالر رہیں۔ ان اعدادوشمار کی روشنی میں واضح ہے کہ 19-2018ء کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارہ چھ ارب 16 کروڑ70 لاکھ ڈالر رہا۔ معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کو جلد از جلد اپنی معیشت میں بہتری لانے پر فوکس کرنا ہو گا ورنہ ملک مزید معاشی بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔