فاروق ستار نے خود اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے، اب وہ اللہ اللہ کریں، ان کاوقت ختم ہوگیا،وسیم اختر

 
0
357

کراچی جنوری 12 (ٹی این ایس): میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ فاروق ستار نے خود اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے، اب وہ اللہ اللہ کریں، ان کاوقت ختم ہوگیا،جو لوگ کام کر رہے ہیں فاروق ستار انہیں کام کرنے دیں،سندھ حکومت کے عدم تعاون کے باعث بہترخدمت نہ کرسکے ، مانتا ہوں جو کراچی کا حق تھا وہ اس کو نہیں مل سکا، ہمارے اختیارات محدود کر دیئے گئے،سرکاری کوارٹر کے مکینوں کو جگہ حکومت نے دی تھی اس لئے وہاں کے مکینوں کو رہنے دیا جائے یہ ان کا حق ہے۔ہفتہ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگومیںمیئرکراچی نے کہا کہ جہاں آپریشن ہوا وہاں پختہ تعمیرات نہیں بنیں، ہاں یہ ضرور ہے کہ پتھارے لگ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مانتا ہوں کہ میں عہدے کا حق ادا نہیں کرسکا، ہمارے اختیارات محدود کردیئے گئے ہیں، سندھ حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے عوام کی خدمت بہتر انداز میں نہ کرسکے، ہمارے ہاتھ پائوں باندھ کر شہر کی خدمت کرنے کو کہا گیا، وقت پر وسائل اور وفاق کے ترقیاتی پیکج ملتے تو عوام کی خدمت بہتر انداز میں کرتے۔متحدہ قومی کونسل کے قیام سے متعلق سوال پر وسیم اختر نے کہا کہ فاروق ستار اللہ اللہ کریں، اب وہ وقت ختم ہوگیا، انہوں نے خود اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے، جو لوگ کام کر رہے ہیں فاروق ستار انہیں کام کرنے دیں۔وسیم اختر نے کہا کہ جہاں آپریشن ہوا وہاں مضبوط اسٹریکچر تو قائم نہیں ہوا لیکن پتھارے ضرور لگ گئے ہیں۔ صحافی نے وسیم اخترسے سوال کیا کہ سرکاری کوارٹروں سے بے دخلی پروزیراعظم کو خط لکھا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات تھے کہ وفاقی حکومت معاملے کو حل کرے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری کوارٹرز کے مکین 46 سال سے وہاں رہ رہے ہیں، وہاں کے مکینوں کو رہنے دیا جائے یہ ان کا حق ہے۔صحافی نے میئر کراچی سے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے کہ آئندہ میئرپی ٹی آئی سے ہوگا جس پرانہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ باتیں کرنا قبل ازوقت ہے۔