وزیراعظم کے بیان کے بعد کشیدگی کا کوئی جواز نہیں رہا ‘بھارتی دھمکیوں سے مرغوب نہیں ہونگے. وزیرخارجہ

 
0
518

اقوام متحدہ نے خط کا مثبت جواب دیا ہے، سفارتی سطح پر سب سے رابطے کررہے ہیں یقین ہے دنیا کو قائل کرلیں گے. شاہ محمود قریشی کا بیان

اسلام آباد فروری 20 (ٹی این ایس): وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم کے بیان کے بعد کشیدگی کا کوئی جواز نہیں رہا ، اقوام متحدہ نے خط کا مثبت جواب دیا ہے، سفارتی سطح پر سب سے رابطے کررہے ہیں یقین ہے دنیا کو قائل کرلیں گے. تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نیشنل سیکورٹی کونسل کااجلاس بلایاہے، ہم سفارتی سطح پرسب سے رابطے کررہے ہیں،یقین ہے دنیا کو قائل کرلیں گے، وزیراعظم کے بیان کے بعد کشیدگی کا کوئی جواز نہیں رہا.شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، لوگ خودان کی حکومت سے سوالات پوچھ رہے ہیں، بھارت کے اندرسے بھی آوازیں اٹھناشروع ہوچکی ہیں جیسے جیسے وقت گزرئے گا،حقیقت کھلتی جائے گی. وزیر خارجہ نے کہا اقوام متحدہ نے میرے خط کا مثبت جواب دیا ہے، امید ہے ہم دنیاکوقائل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، پاکستان کہہ چکاہے ثبوت ہیں توپیش کریں اور وزیراعظم نے واضح کردیاہے حملہ کیاتوسوچیں گے نہیں جواب دیں گے.گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی حکومت کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے بھارت کے پاس قابل عمل شواہدہیں تو ہمیں بتائے،ہم مثبت جواب دیں گے لیکن دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے. شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہاہم اپنی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار افراد کی قربانیاں دیں، ہماری معیشت کودہشت گردی سے بڑا نقصان پہنچا، کم کبھی بھی دہشت گردی حمایت نہیں کریں گے.اس سے قبل پلوامہ واقعے کے بعدبھارتی عزائم سے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھا تھا جس میں بتایا گیا تھا بھارت پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے، بغیرتحقیقات کئے حملے کا تعلق پاکستان سے جوڑنا مضحکہ خیز ہے، بھارت اپنی سیاست کیلئے جان بوجھ کر پاکستان مخالف بیان بازی کرکے فضا کشیدہ کررہا ہے. وزیر خارجہ نے کہا تھا عالمی برادری بھارت سے پلوامہ حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا سنگین غلطی ہوگی.