بھارتی شہریوں نے دہائیوں تک سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کیا

 
0
378

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ بھارت کے موقع پر بیان

نئی دہلی فروری 20 (ٹی این ایس): سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ان دنوں اپنے غیر ملکی دورے پر بھارت میں موجود ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان گذشتہ روز بھارت پہنچے جہاں ایوان صدر میں ان کے لیے ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں بھارتی صدر اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی موجود تھے۔ بھارتی ایوان صدر میں خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ بھارت نے 70 سالوں تک سعودی عرب کی مدد کی ہے،اور سعودی عرب میں بھارت کو ایک دوست کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مفاد کے لیے ہمیں آپسی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور سعودی عرب کے تعلقات برقرار رکھنے کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ بھارت کے لیے نئی دہلی پہنچے تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے خود ائیرپورٹ پر اُن کا استقبال کیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب بھارت میں خام تیل کا سب سے بڑا سپلائر ہے لیکن دونوں ممالک نے توانائی کے علاوہ بھی دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔بھارتی حکام کے مطابق بھارت پُر اُمید ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ بھارت کے دوران قومی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ابتدائی طور پر سرمایہ کریں گے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے بندرگاہوں کی تعمیر اور ہائی ویز کی تعمیر کے لیے بھی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ واضح رہےکہ قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے 20 بلین ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔